ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 52 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 16، پنجاب 15 جب کہ گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
آج کورونا کے کیسز کی صورتحال
صوبہ نئے کیسز اموات
پنجاب: 436 3
سندھ: 51 2
اسلام آباد: 4 0
خیبر پختونخوا: 0 0
بلوچستان: 0 0
گلگت بلتستان:0 0
آزاد کشمیر: 0 0
پنجاب
پنجاب میں آج بروز پیر کورونا وائرس کے مزید 436 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 1816 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ صوبے میں 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں، اس طرح صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
ترجمان پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1816 کیسز کی تصدیق کی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مختلف قرنطینہ مراکز میں موجود ایران سے واپس آنے والے زائرین میں سے 577 زائرین اور رائے ونڈ تبلیغی مرکز سے آنے والے 527 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ صوبے بھر کی جیلوں میں 49 قیدی بھی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک25 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
سندھ
سندھ میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی جب کہ مزید 51 کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی تعداد 932 تک جا پہنچی ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ہلاکتوں اور کیسز کی تصدیق کی اور ساتھ ہی بتایا کہ صوبے میں کورونا سے مزید 130 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 82 ہو گئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اتوار کے روز کورونا سے مزید 2 ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد تعداد 405 ہے۔
خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 62 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں بھی آج اب تک کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ اتوار کے روز کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 54 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں: